صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے جبکہ وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کو ترجیح دے رہی ہے۔ نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میںصدر مملکت نے پاکستانی نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدت نوجوانوں کی مشترکہ خواہشات ہیں، نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریبا 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے اور نوجوان پاکستان کاسب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نوجوان خواتین کی صلاحیتیں اور قیادت ملکی سماجی و معاشی ترقیکیلئے ناگزیر ہیں، وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہاہے، نوجوان دیانت داری، ہمدردی اور برداشت کی اقدار کو اپنائیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو قومی ترقی میں فعال کردار کیلئے بااختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے، ایک مضبوط،جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر نوجوانوں کی بھرپور شرکت سے ممکن ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ رواں سال نوجوانوں کا عالمی دن مختلف حالات، مشترکہ امنگیں کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا بھر کے نوجوان مختلف حالات میں زندگی گزارنے کے باوجود روشن مستقبل کے یکساں خواب، خواہشات اور امنگیں رکھتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے، حکومت نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کو ترجیح دے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں، روزگار، کاروبار و صنعت کاری، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے۔وزیراعظم نے کہا وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے کام کر رہا ہے، جبکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مزید فعال کیا گیا ہے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ محنت جاری رکھیں، نوجوانوں کی ترقی ہی قوم کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی