i پاکستان

وفاق اور پنجاب کا بجٹ عوام دشمن، پٹرول بم سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، بیرسٹر سیفتازترین

June 17, 2025

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے وفاقی اور پنجاب حکومت کے بجٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نئے مالی سال سے قبل ہی عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی نئی لہر اٹھے گی۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈھائی فیصد نیا ٹیکس عائد کر دیا ہے جو کہ عام آدمی پر براہ راست مہنگائی کا بوجھ ڈالے گا، نئے مالی سال کے آغاز پر پٹرول اور دیگر مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کریں گی۔ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے تمام اشیائے خورونوش مہنگی ہو جاتی ہیں اور غریب آدمی کی زندگی مزید اجیرن ہو جاتی ہے، انہوں نے وفاقی بجٹ کو "غریب دشمن اور امیر دوست" قرار دیا۔پنجاب حکومت کے بجٹ پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ وہاں بھی عوامی مسائل کو نظر انداز کیا گیا ہے

پنجاب کے بجٹ میں زرعی شعبہ مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا اور متاثرہ کسانوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، جعلی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب کے کسانوں کو 2200 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے اس بار بھی صرف کمیشن والے منصوبوں کو ترجیح دی ہے اور خیبر پختونخوا کی طرح صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہمت نہیں کی۔بیرسٹر سیف نے پیشکش کی کہ اگر پنجاب کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں دشواری ہے تو خیبر پختونخوا حکومت تعاون کے لیے تیار ہے، خیبر پختونخوا حکومت نے بانی عمران خان کے وژن کے مطابق بجٹ میں فلاحی منصوبوں کو شامل کیا اور وزیراعلی کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی