استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے اپنی وزارت کا چارج سنبھال لیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے منگل کے روز وزارت نجکاری کا چارج سنبھال لیا ہے جبکہ وزارت نجکاری پہنچنے پر سینئر افسران اور عملے کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر عبدالعلیم خان کو وزارت نجکاری کے امور پر ابتدائی بریفنگ بھی دی گئی۔ خیال رہے کہ عبدالعلیم خان کو سرمایہ کاری بورڈ کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے اور انہوں نے پیر کے روز بطور وفاقی وزیر حلف اٹھایا تھا۔ وزارت کا حلف لینے کے بعد وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سیاست اور اختلافات سے قطع نظر ہمیں صرف اور صرف ملک کاسوچنا ہے، وعدے پورے کرنے کیلئے پہلے دن سے ہی کام شروع کر دیں گے۔ ان کا کہا کہ اللہ تعالی کے حضور سربسجود اوراین اے 117کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وطن عزیز کی بہتری اور لوگوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی حکومت کے ساتھ مل کر مسائل حل کرے گی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی