لاہور بار ایسوسی ایشن نے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے وکلا پر مقدمات درج کرنے کیخلاف عدالتوں کی تالہ بندی کر دی۔ اینٹی کرپشن کی جانب سے وکلا کیخلاف مقدمات درج کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے لاہور بار ایسوسی ایشن نے سیشن کورٹ کے مرکزی دروازوں پر تالے لگا دیئے۔ پولیس،اینٹی کرپشن اور سائلین کا عدالتوں میں داخلہ بند کر دیا گیا، لاہور سیشن عدالت کے دروازوں کے باہر سائلین کا رش لگ گیا۔ سائلین کا کہنا ہے کہ ہم دور دراز علاقوں سے آئے ہیں، ہمیں عدالتوں میں داخلے کی اجازت دی جائے اور ہمارے مقدمات میں پیش ہونے دیا جائے۔ دوسری جانب لاہور بار ایسوسی ایشن نے اینٹی کرپشن کی جانب سے وکلا کے ساتھ ناانصافیوں پر اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق وکلا کی جانب سے 25 ستمبر سے اینٹی کرپشن کے اہلکاروں کے احاطہ عدالتوں میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ صدر لاہور بار کا کہنا ہے کہ کسی اینٹی کرپشن کے ملازم اور افسر کو احاطہ عدالت میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، اینٹی کرپشن وکلا کے ساتھ زیادتیاں کر رہا ہے، اینٹی کرپشن کی جانب سے وکلا کے ساتھ بدتمیزی اور وکلا برادری کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی