پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشنز کے چیئرمین محمد زوہیب خان نے کہا ہے کہ ڈیووس میںمنعقد ہ ورلڈ اکنامک فورم 2024 میں پاکستانی پویلین معروف کمپنیوں ، سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کی توجہ کا مرکز رہا جس سے پاکستان کے آئی ٹی کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں حوصلہ افزاء مدد ملی ہے ۔ پاکستان سافٹ وئیر ہائوسز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد زوہیب خان ورلڈ اکنامک فورم 2024 کے موقع پر ڈیجیٹل پاکستان تقریب کے کلیدی مقرر تھے جنہوں نے دنیا کے نقشے پرپاکستان کے اگلی بڑی ٹیک منزل کے طور پر نمایاں طور پر ابھرنے کے موضوع پر خطاب کیا ۔ انہوںنے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کو پاکستان میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کے طور پر پیش کیا ۔پاکستان پویلین کا اہتمام پاتھ فائنڈر گروپ نے کیا تھا جس میں اخوت فائونڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے گورننس ،جہانزیب خان، پاتھ فائنڈر گروپ کے چیئرمین اکرام سہگل اور جاز پاکستان کے سی ای او عامر ابراہیم نے بھی شرکت کی ۔ زوہیب خان نے کہا کہ وفاقی نگران وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام ڈاکٹر عمر سیف نے آئی ٹی انڈسٹری کے وفد کے ہمراہ مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سٹالز پر اپنے ہم منصبوں کے ساتھ روابط بڑھانے میں بڑی مدد کی۔انڈسٹری سے وابستگی اور بین الاقوامی سطح پر مضبوط روابط کی وجہ سے ڈاکٹر عمر سیف کی کاوشیں پاکستان میں ہنر کی ترقی اور تربیتی پروگراموں کے لیے فنڈز لانے میں انتہائی نتیجہ خیز رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ سپیشل ٹیکنالوجی زونز پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ اس کے ذریعے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنے آئی ٹی منصوبے شروع کرنے کے لیے اراضی کی دستیابی، این او سیز کے اجراء ،مواصلات کے بنیادی ڈھانچہ اور ٹیکنالوجی سے متعلقہ کاروبار کے لیے سازگار ماحول اوردیگر سہولیات میسر آرہی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں یہ سمجھتی ہیں کہ پاکستان میں آئی ٹی ورک فورس کی بڑی تعداد موجود ہے جس میںہر سال اضافہ ہو رہا ہے ،ملک کی کل آبادی کا 65 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہونا ٹیکنالوجی میں ترقی کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم 2024 میں ٹیک سیکٹر میں مصنوعی ذہانت ، گیمنگ اور اینیمیشن ،سپیس سائنس میںسٹارٹ اپس،گورننس کی ڈیجیٹلائزیشن،فن ٹیک،صحت کی دیکھ بھال کی ٹیکنالوجی،ایجوکیشن ٹیک کے شعبہ جات میں بین الاقوامی سطح پر بہت مواقع پیدا ہو گئے ہیں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی