i پاکستان

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا بلوچستان کے طلبا کے لیے وظائف کا اعلان،وزیر اعلی سرفراز بگٹی کا اظہار تشکرتازترین

April 23, 2026

پنجاب حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کیلئے 460 وظائف کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد اعلی تعلیم تک رسائی کو بڑھانا اور باصلاحیت نوجوانوں کیلئے تعلیم کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت نے بلوچستان کے مستحق اور باصلاحیت طلبہکیلئے 460 تعلیمی وظائف کا اعلان کر دیا ہے تاکہ مالی مشکلات تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔حکومت پنجاب کے اعلامیے کے مطابق تعلیمی سال 26-2025 کے لیے انٹرمیڈیٹ، گریجویشن اور ایم ایس ایم فل کے وہ تمام طلبہ جن کے پاس بلوچستان کا ڈومیسائل ہے وہ اس اسکالر شپ کے لئے اہل ہیں۔وظائف کیلئے درخواستیں بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ کے ذریعے طلب کی گئی ہیں

جن کا ہدف خصوصا کم آمدن والے اور مستحق طلبہ ہیں تاکہ وہ معیاری تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کر سکیں۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے اس اقدام کو تعلیمی مواقع کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے عام گھرانوں کے طلبہ کو بھی اعلی تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل ہو رہی ہے جو سماجی ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور بلوچستان میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی