i پاکستان

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا ایل اوسی پر نکیال سیکٹر کا دورہ، بھارتی گولہ باری میں تباہ اسپتال اور کالجز کی تعمیر نو کا اعلانتازترین

May 15, 2025

وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) نکیال سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہید بہن بھائی کی قبروں پر حاضری دی اور درجات بلندی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر نے سمٹی مجہان میں مصباح شہید کے نام پر پرائمری اسکول بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے ہمارے سر فخر سے بلند کیے اور بھارت کو شکست دی۔چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ہماری افواج نے مودی کو گھر میں گھس کر مارا ہے، 77 سالوں سے لائن آف کنٹرول پر کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی گولہ باری سے شہید افراد کے لواحقین کو مالی معاونت فراہم کر دی گئی، مکانات اور مال مویشی سمیت تمام تر نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، بھارتی گولہ باری میں تباہ اسپتال اور کالجز کی عمارتوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔12 مئی کو آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے برنالہ میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور پاک فوج کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کی

بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر بھارت کو دندان شکن جواب دینے پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے پاک فوج کے جوانوں سے خطاب کیا اور دفاع وطن کے لئے ان کے عزم اور جذبہ کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملکی سرحدوں کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا اور آپریشن بنیان مرصوص کا جوابی وار کر کے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر اس پوری جنگ کے دوران بھارت کے اعصاب پر چھائے رہے ،ہماری ائر فورس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جس کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی