i پاکستان

وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور نائب وزیر اعظم کی کوششوں سے دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے ، ملک مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، مصطفی کمالتازترین

April 27, 2026

وفاقی وزیر برائے صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور عوام کو بیماریوں سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مصطفی کمال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بنیادی صحت کے نظام کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جبکہ صحت کے شعبے میں عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری ہے، ہیلتھ کیئر کا اصل مقصد لوگوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔وفاقی وزیر نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو صحت کے نظام پر بڑا بوجھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آبادی میں اضافہ قابو میں لانا ناگزیر ہو چکا ہے

انہوں نے خبردار کیا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کا رش مسلسل بڑھ رہا ہے۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، متوازن غذا اپنائیں اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دیں تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے۔ وفاقی وزیر صحت نے ملکی قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور نائب وزیر اعظم کی کوششوں سے پاکستان عالمی سطح پر توجہ حاصل کر رہا ہے، آج دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور ملک مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں بھی کردار ادا کیا اور انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی