i پاکستان

وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب چوتھی انٹرنیشنل کانفرنس آن فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے سپین روانہتازترین

June 30, 2025

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب چوتھی انٹرنیشنل کانفرنس آن فنانسنگ فار ڈویلپمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے سپین روانہ ہو گئے ۔ آج یکم جولائی سے سپین کے شہر سیویل میں منعقدہ اس چار روزہ کانفرنس میں مختلف ملکوں سے رہنمائوں، پالیسی سازوں اور ترقیاتی ماہرین کی ایک بڑی تعداد شریک ہو گی ۔کانفرنس میں ترقی پذیر اور ابھرتی معیشتوں کے لیے پائیدار اور جدید مالیاتی حکمتِ عملیوں کی تیاری اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کو تیز کرنے کی کوششوں پر غورو خوض ہو گا۔وزارت خزانہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ اپنے دورے کے دوران کانفرنس کے مرکزی اجلاسوں اور مختلف اعلی سطحی سائیڈ ایونٹس میں شریک ہوں گے۔سینیٹر محمد اورنگزیب ایک اہم سیشن قرض کے بدلے ترقی: ڈی سی ایس فنانسنگ اپروچ میں مہمانِ خصوصی ہوں گے، جہاں وہ پاکستان کا موقف اور ترقیاتی مالیات میں قرض کی تنظیمِ نو اور ڈپازٹ پروٹیکشن کے امکانات پر بات کریں گے۔وزیر خزانہ کانفرنس کے دوران نجی کاروباروں اور فنانس تک رسائی و استعمال کے موضوع پر ملٹی سٹیک ہولڈر گول میز مذاکرے کے شریک چئیر ہوں گے ۔

زیر خزانہ انٹرنیشنل بزنس فورم پالیسی ڈائیلاگ کے زیر اہتمام ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے کریڈٹ ریٹنگز کے کردار پر پالیسی ڈائیلاگ سے کلیدی خطاب کریں گے وہ انٹرنشینل بزنس فورم کے زیر اہتمام چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے مالی معاونت میں توسیع کے موضوع پر بھی خطاب کریں گے۔وزیر خزانہ ترقی کے لئے عالمی تعاون کی بحالی و تجدید کے موضوع پر منعقدہ ایک گول میز مذاکرے سے بھی خطاب کریں گے۔ اسکے علاوہ یونیسف کے زیر اہتمام بچوں اور نوجوانوں کے لیے سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنے اور بچوں کے لیے جدید اور پائیدار فنانسنگ کے موضوع پر ایک مکالمہ میں بھی شریک ہوں گے اور کانفرنس کے موقع پر کئی اہم عالمی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے سیکرٹری جنرل جان ڈینٹن اور نیدرلینڈز کے نائب وزیر برائے ترقی اسٹیون کولٹ شامل ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ کی اس کانفرنس میں شرکت پاکستان کے اس عزم کی عکاس ہے کہ ملک جدید مالیاتی حل، عالمی تعاون اور ترقیاتی موضوعات پر پاکستان کی موثر آواز کو دنیا تک پہنچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی