وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ سیکرٹریٹ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے مختلف محکموں کی کارکردگی، افسران کی حاضری اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی سندھ نیو سیکرٹریٹ پہنچے جہاں چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر وزیراعلی نے زیرِ تعمیر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا معائنہ کیا اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔ بعد ازاں انہوں نے تغلق ہائوس (اولڈ سیکریٹریٹ) کا دورہ کیا اور وہاں جاری رینوویشن کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے،وزیراعلی نے ایکسائز ڈپارٹمنٹ، محکمہ تعلیم، محکمہ داخلہ اور مائنز اینڈ منرلز ڈپارٹمنٹ کے دفاتر کا بھی معائنہ کیا۔ سیکریٹری ایجوکیشن نے وزیراعلی کو دفتری امور اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ انہوں نے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (پی اینڈ ڈی)کے دفتر میں نئے تعمیر کردہ کمیٹی روم کا بھی جائزہ لیا
،وزیراعلی نے چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم اور اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر کا بھی دورہ کیا۔ ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق تقریبا تمام صوبائی سیکریٹریز اپنے دفاتر میں موجود تھے، وزیراعلی نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ غیر حاضر افسران سے وضاحت طلب کی جائے۔ دورے کے دوران وزیراعلی نے مختلف محکموں کے ملازمین کی حاضری بھی چیک کی اور سختی سے ہدایت دی کہ ملازمین کی حاضری یقینی بنائی جائے، انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام محکموں کو مثر انداز میں کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ اسٹاف اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کرے، وقت پر دفتر آئے اور کام میں سنجیدگی دکھائے،انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر اگرچہ دفاتر میں عملہ کم کیا گیا ہے، تاہم اس کا مقصد غیر حاضری نہیں۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ جن ملازمین کی ڈیوٹی ہے، ان کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی