وزیراعظم شہبازشریف اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا،وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود،شاہی خاندان اور سعودی عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کی حالیہ امن کوششوں سے آگاہ کردیا،سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا،اس مشکل وقت میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا ایک بار پھر اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے موجودہ بحران میں غیرمعمولی تحمل کامظاہرہ کرنے پر سعودی قیادت کو سراہا،اور یقین دلایاکہ پاکستان ہمیشہ برادر ملک کے ساتھ کھڑا رہیگا جیسا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
شہبازشریف نے فوری طور پرجنگ کے خاتمے اور امن کی بحالی پرزوردیا تاکہ علاقائی صورتحال کو مستحکم کیاجاسکے،ان کاکہنا تھاکہ امت مسلمہ کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ شہبازشریف نے سعودی ولی عہد کو بتایا پاکستان نے تمام فریقین کے ساتھ تعمیری سفارتی رابطے کئے گئے،جن میں کشیدگی میں کمی اوراختلافات کومذاکرات اورسفارتکاری کے ذریعے حل کرنے پر زوردیاگیا، شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے ہرسطح پردوطرفہ قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی