وزیر مملکت مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مجھے کہا تھا کہ پاکستان میں توانائی اس صورت میں آنی چاہیے کہ غریب عوام اس کا حصول کر سکے، ایسی توانائی نہیں چاہیے جس کی کوئی استطاعت نہ رکھتا ہو۔ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے 3 بار کہا کہ صرف سیاست نہیں کرنی، پہلے ملک بنانا ہے، بعد میں دیکھیں گے کہ سیاست کا کیا بنتا ہے، یہ وہ مینڈیٹ تھا جو مجھے وزیر اعظم نے دیا تھا، انہوں نے مجھے کہا تھا کہ ہمیں لوگوں کو نوکریاں دینی ہیں اور ملک کی ترقی کی رفتار کو بڑھانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں گزشتہ ایک برس کے دوران ہم نے 138 ایم ایم سی ایف ڈی نئی گیس سسٹم میں ڈالی ہے جوکہ پہلے موجود نہیں تھی، اس سے ہمیں 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا فائدہ ملا ہے۔ واضح رہے کہ آج وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ وزیرِ اعظم ڈیرہ اسمعیل خان میں 8 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے جن میں شاہراہوں، رابطہ سڑکوں، بجلی کا 220 کے وی سب اسٹیشن اور تیل و گیس کی فراہمی جیسے منصوبے شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی