وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پائیدار پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کا اعادہ کیا ہے۔وزیر اعظم شہبازشریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی ہے ۔ وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے ٹو سیشنز کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے تحت سی پیک ٹو کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہا اور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کا اعادہ کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 75 ویں سالگرہ پر رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا، انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پائیدار پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کا بھی اعادہ کیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ موجود تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی