i پاکستان

پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے، منیر اکرمتازترین

September 18, 2023

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں منیر اکرم کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کو کئی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جنگوں کے باعث غذائی عدم تحفظ، عالمی حدت میں اضافہ، عالمی وبائیں اور کساد بازاری جیسے چیلنجز ہیں، تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے اقوام متحدہ کا پلیٹ فارم بہترین حل پیش کر سکتا ہے، سماجی ترقی اور معیشت کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیرِ اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، ان کی عالمی رہنماں اور مختلف سرمایہ کار کمپنیوں سے ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے ساتھ جڑا ہوا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے اقوام متحدہ کا اجلاس اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ منیر اکرم کا افغانستان کے حوالے سے کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان میں موجود علاقائی امن خراب کرنے والے دہشت گرد عناصر کا قلع قمع ہونا چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی