پاکستان انجینئرنگ کونسل نے پاکستانی انجینئرز کے لیے عالمی سطح پر فری لانسنگ کے مواقع بڑھانے کے لیے نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت 5 ہزار انجینئرز کو فری لانسنگ میں تربیت دی جائے گی۔گلوبل انجینئرنگ فری لانس انیشی ایٹو کے تحت انجینئرز کو آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی،تربیت کے دوران انجینئرز کو بین الاقوامی فری لانس پلیٹ فارمز پر کام کرنے کے طریقے سکھائے جائیں گے۔پروگرام میں انجینئرز کو مضبوط پورٹ فولیو بنانے اور پہلا فری لانس پروجیکٹ حاصل کرنے کی رہنمائی دی جائے گی۔ چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیرکاکہناہے کہ انجینئرنگ کا شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل اور ریموٹ ورک کی طرف بڑھ رہا ہے،
پروگرام کے ذریعے نوجوان انجینئرز کو عالمی مارکیٹ میں کام کرنے کے نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے، شرکا کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی کیریئر اسیسمنٹ بھی کی جائے گی،اس اقدام سے انجینئرنگ خدمات کی برآمدات میں اضافہ اور ملک کے لیے زرمبادلہ حاصل ہونے کی توقع ہے۔ چیئرمین پی ای سی کے مطابق یہ پروگرام پاکستان کو عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا،پروگرام کے تحت انجینئرز کو اپریل کے تیسرے ہفتے میں آن لائن کورس کروایا جائے گا،پاکستان انجینئرنگ کونسل کیساتھ رجسٹرڈ انجینئرز پروگرام کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی