پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعاون کو وسعت دینے کیلئے اہم پیش رفت، دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کر لیا ۔ یہ پیش رفت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی سیکریٹری برائے کامرس کے درمیان ٹیرف معاملے پر ہوناے والی ورچوئل میٹنگ میں سامنے آئی۔وزارت خزانہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں امریکی ٹیرف پالیسیوں اور تجارتی ضوابط سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ورچوئل ملاقات میں مذاکرات کو تعمیری انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مذاکرات کا مقصد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینا ہے۔میٹنگ کے دوران دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی حکام کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور بہتر معاشی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور امریکہ نے مذاکرات کے تسلسل اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ تکنیکی سطح پر مزید تفصیلی بات چیت جلد متوقع ہے۔ یہ بات چیت ایک متفقہ لائحہ عمل کے تحت کی جائے گی، پاکستان اور امریکا کے وزرا نے مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی