i پاکستان

پاکستان اور برطانیہ کا دیرپا علاقائی امن کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاقتازترین

June 11, 2025

پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان دیرپا علاقائی امن کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا ۔لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے برطانوی دفتر خارجہ کے وفد کے اعزاز میں ایک پروقار ظہرانے کا اہتمام کیا، جس کی قیادت سابق برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے کی۔اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلی حکام کے درمیان مسئلہ کشمیر، جنوبی ایشیا میں امن و استحکام، اور باہمی سفارتی تعاون جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستانی نمائندوں نے مسئلہ کشمیر کو برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے اس کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور سفارت کاری، مذاکرات اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔پاکستانی وفد نے برطانیہ کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اس کے مثر کردار کی حوصلہ افزائی کی۔دونوں ممالک نے خطے میں دیرپا امن کے قیام اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ظہرانے کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے باہمی روابط کو وسعت دی جائے گی، تاکہ عالمی اور علاقائی سطح پر امن و استحکام کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔یاد رہے کہ کرسچن ٹرنر حال ہی میں اقوام متحدہ میں برطانیہ کے مستقل مندوب کے طور پر نامزد کیے گئے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی