پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں پائیدار امن کے لیے جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو ناگزیر قرار دے دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دوران گفتگو دونوں رہنمائو ں نے مشرق وسطی، بالخصوص لبنان کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں استحکام کیلئے طے شدہ معاہدوں کی پاسداری انتہائی ضروری ہے تاکہ انسانی بحران کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مشکل حالات میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کی مسلسل حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنمائو ں نے اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔ دریں اثنا دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں معصوم جانوں کا ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات خطے امن اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان لبنان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی