i پاکستان

پاکستان بار کونسل قیامِ انصاف، طاقتور حلقوں کے احتساب میں اہم کردار ادا کرتی ہے، عامر سعید راںتازترین

June 20, 2026

پاکستان بار کونسل کے ممبر عامر سعید راں نے کہا ہے کہ پاکستان بار کونسل ملک بھر کے تقریبا 2 لاکھ وکلا کی نمائندہ تنظیم ہے، جو نہ صرف قانونی خدمات فراہم کرتی ہے بلکہ انصاف کے قیام اور طاقتور حلقوں کے احتساب میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔تھائی لینڈ میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر پاکستان بار کونسل عامر سعید راں نے کہا کہ وکلا محض مقدمات نہیں لڑتے بلکہ وہ معاشرے میں انصاف کے فروغ اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھی سرگرم عمل رہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب کسی شہری کے پاس انصاف کے حصول کیلئے کوئی دروازہ نہیں بچتا تو وہ وکیل سے رجوع کرتا ہے، جو اس کیلئے امید کی آخری کرن ہوتا ہے، ایک منصفانہ اور انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے کیلئے پاکستان بار کونسل دیگر بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسز کا انعقاد کرتی رہتی ہے۔

عامر سعید راں نے اس بات پر زور دیا کہ وکلا اعلی اصولوں اور زمینی حقائق کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتے ہیں، وکلا کو مضبوط بنانا دراصل انصاف کے نظام کی بنیادوں کو مستحکم کرنے کے مترادف ہے، پاکستان بار کونسل اقوام متحدہ کے سسٹینیبل ڈیولپمنٹ گولز کے ساتھ مکمل ہم آہنگی رکھتی ہے اور انسانی حقوق کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور انسانی حقوق ایک دوسرے سے جدا نہیں کیے جا سکتے اور قانون کے پیشے کا ان دونوں کے استحکام میں بنیادی کردار ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ قانون کی تعلیم اور اداروں کی مضبوطی کیلئے فراہم کی جانے والی معاونت خیرات نہیں بلکہ ایک اہم سرمایہ کاری ہے۔عامر سعید راں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان بار کونسل اقوام متحدہ، قومی و بین الاقوامی اداروں اور دیگر بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر انسانی حقوق، پیشہ ورانہ مہارت اور پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی