i پاکستان

پاکستان کا آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری نقل و حرکت کی بحالی کا مطالبہتازترین

April 17, 2026

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری نقل و حرکت کی بحالی کا مطالبہ کرتا ہے، آبنائے ہرمز کی صورتحال دنیا بھر کے ممالک بشمول پاکستان پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے،پاکستانی عوام بھی اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آبنائے ہرمز پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عاصم افتخار نے کہا کہ مشرق وسطی کی صورتحال پر پاکستان کا واضح اور دو ٹوک موقف ہے، تنازع نے نہ صرف خطے بلکہ اس سے باہر بھی سب کو متاثر کیا، تنازع کی ابتدا ہی سے پاکستان نے مذاکرات کی بحالی کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی، جنگ بندی کو ترجیح دی

پاکستان نے 11، 12 اپریل کو اسلام آباد مذاکرات کی کامیاب میزبانی کی، یہ مذاکرات پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئے، اسلام آباد مذاکرات کے ذریعے پاکستان جنگ کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے، پاکستان نے مشکل حالات میں خلیج تعاون کونسل ممالک سے یکجہتی کا اظہار کیا۔عاصم افتخار نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال دنیا بھر کے ممالک پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے، اگر عسکری کشیدگی اور رکاوٹیں برقرار رہیں تو انسانی مشکلات میں اضافہ ہوگا، یہ اثرات خطے میں پھیل کر وسیع معاشی مشکلات میں تبدیل ہو جائیں گے، ہم آبنائے ہرمز کو جلد دوبارہ کھولنے، حالات کو معمول پر لانے سے متفق ہیں۔ آبنائے ہرمز سے متعلق کسی بھی بحث یا انتظام میں جی سی سی ممالک کے جائز مفادات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی