گزشتہ ماہ بھارتی فوج کے بزدلانہ حملوں اور مودی حکومت کی آبی جارحیت سے یورپی ممالک کو آگاہ کرنے کیلئے پاکستانی پارلیمانی وفد فرانس پہنچ گیا،پارلیمانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹرمصدق ملک کر رہے ہیں ، برسلز میں کامیاب ملاقاتوں کے بعد وفد کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا۔پاکستان کے 9رکنی اعلی سطح کا پارلیمانی وفد میں سابق وزرائے خارجہ، دفاع و تجارت سمیت اہم رہنما شامل ہیں، حنا ربانی کھر، خرم دستگیر، فیصل سبزواری، جلیل عباس جیلانی، سینیٹر تہمینہ جنجوعہ اور دیگر سینئر سفارت کار بھی وفد کا حصہ ہیں۔وفد بھارت کی حالیہ جارحیت پر پاکستان کا موقف پیش کرے گا، اس موقع پر یورپی رہنمائوں کو مسئلہ کشمیر کی سنگینی سے آگاہ کیا جائے گا۔پارلیمانی وفد اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کو موثر طریقے سے اجاگر کرے گا۔ وفد کی یورپی پارلیمنٹ کی قیادت اور ڈی ایس اے ایس اراکین سے اہم ملاقاتیں ہوں گی۔وفد بھارت کے جارحانہ اقدامات اور پاکستان مخالف عزائم پر بریفنگ دے گا، اس کے علاوہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور آبی دہشت گردی پر یورپی حکام کو آگاہ کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی