i پاکستان

پاکستان کی یورپی برآمدات میں 8.6 فیصد اضافہ ریکارڈ، معیشت کو سہاراتازترین

June 11, 2025

مالی سال 2024-25کے ابتدائی دس ماہ کے دوران پاکستان کی یورپی برآمدات میں 8.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، جسے ملک کی برآمدی حکمتِ عملی اور ایس آئی ایف سی(اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل)کی معاونت کا اہم نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں برآمدات کا حجم 6.95 ارب ڈالر سے بڑھ کر 7.55 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو یورپی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب کا مظہر ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق اس اضافہ میں ٹیکسٹائل اور تیار ملبوسات کا کردار کلیدی رہا، جن کی یورپ میں مانگ میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ برآمدات میں بہتری نہ صرف ملکی صنعتوں کی ترقی اور سرمایہ کاری میں بہتری کا باعث بنی بلکہ اس سے محصولات میں بھی اضافہ ہوا ہے، جو مجموعی طور پر معیشت کو مستحکم کر رہا ہے۔ایس آئی ایف سی کی جانب سے کاروباری ماحول بہتر بنانے اور تجارتی راستوں میں آسانی پیدا کرنے کے اقدامات نے یورپی منڈیوں تک رسائی ممکن بنائی، جس کے مثبت اثرات برآمدات کے اعداد و شمار میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سال بہ سال برآمدات میں مسلسل اضافہ پاکستان کی برآمدی پالیسیوں کی درست سمت اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔ معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو پاکستان کی مجموعی معاشی شرح نمو میں مزید بہتری ممکن ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی