پاکستان نے شام میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان شام کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس سلسلے میں ادلب میں ابو الظہور ایئربیس پر اسرائیلی قابض افواج کے بلااشتعال حملے کو عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اشتعال انگیز اسرائیلی کارروائیاں علاقائی امن و استحکام کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ پاکستان شامی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور خوشحالی کیلئے مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی قابض افواج کی عالمی قوانین کی بار بار خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے اور اسرائیل کو خطے کو غیر مستحکم کرنے والی کارروائیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کا حامی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی