i پاکستان

پاکستان کو جولائی میں 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی غیر ملکی اقتصادی معاونت موصول ہوئےتازترین

August 25, 2026

پاکستان کو جولائی 2026 کے دوران غیر ملکی اقتصادی معاونت کی مد میں مجموعی طور پر 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔سرکاری دستاویز کے حوالے سے میڈیارپورٹ کے مطابق اس رقم میں قرضوں کے ساتھ گرانٹس بھی شامل تھیں، تاہم مجموعی معاونت کا بڑا حصہ قرض کی شکل میں حاصل ہوا۔اعداد و شما ر کے مطابق جولائی میں موصول ہونے والی غیر ملکی اقتصادی معاونت میں 74 کروڑ 46 لاکھ 70 ہزار ڈالر قرض جبکہ ایک کروڑ 83 لاکھ 70 ہزار ڈالر گرانٹس پر مشتمل تھے۔ اس طرح جولائی کی مجموعی اقتصادی معاونت کا تقریبا 97 فیصد قرض کی صورت میں حاصل ہوا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی کے دوران چین نے پاکستان کو 14 کروڑ 66 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی غیر ملکی اقتصادی معاونت فراہم کی۔ اسی عرصے میں کثیر الجہتی مالیاتی اداروں اور دیگر ذرائع سے پاکستان کو 25 کروڑ 28 لاکھ 30 ہزار ڈالر موصول ہوئے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں پاکستان کو بجٹ سپورٹ کی مد میں 34 کروڑ 39 لاکھ 90 ہزار ڈالر کا قرض حاصل ہوا۔ یہ رقم حکومت کی مالی ضروریات پوری کرنے اور بجٹ معاونت کے لیے موصول ہونے والی غیر ملکی اقتصادی امداد کا حصہ تھی۔جولائی کے دوران غیر منصوبہ جاتی معاونت کی مد میں 43 کروڑ 27 لاکھ 30 ہزار ڈالر موصول ہوئے، جبکہ منصوبہ جاتی معاونت کے تحت پاکستان کو 33 کروڑ 3 لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ غیر منصوبہ جاتی معاونت کا حجم نسبتا زیادہ رہا۔ رپورٹ کے مطابق جولائی 2026 میں پاکستان کو موصول ہونے والی مجموعی غیر ملکی اقتصادی معاونت میں قرضوں کا حصہ نمایاں رہا۔ مجموعی 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر میں سے تقریبا 97 فیصد رقم قرض کی صورت میں حاصل ہونا بیرونی مالی معاونت کے ڈھانچے میں قرضوں کے غلبے کو ظاہر کرتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی