ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے کہا ہے کہ پاکستان مذاکرات پر یقین رکھنے والا پرامن ملک ہے، مقبوضہ کشمیر کے باشندوں کی حمایت جاری رکھے گا، کسی جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آئو ٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ دوست ممالک کے کیڈٹس کومبارکباد دیتا ہوں، کیڈٹس میں خواتین کی شمولیت دیکھ کرخوشی ہوئی، پاکستان ملٹری اکیڈمی دنیا کی بہترین درسگاہوں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کیڈٹس سے کہا کہ آپ کی بنیادی ذمہ داری ملک کی سلامتی کویقینی بنانا ہے، معرکہ حق،بنیان المرصوص میں پاکستان آرمی کی حکمت عملی دنیا نے دیکھی، پاکستان ایئرفورس نینہ صرف دشمن کے جہازگرائے بلکہ تاریخ رقم کی، دشمن پاکستان کی طاقت اورہنرمندی دیکھ کردنگ رہ گیا، پاکستان کی دھرتی پرکسی قسم کی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ایئر چیف نے کہا کہ کسی بھی جارحیت پرریکارڈ وقت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان بھارتی زیرقبضہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان مذاکرات پر یقین رکھنے والا پرامن ملک ہے، مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور عوامی امنگوں کے مطابق حل کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پرقیام امن ، سیاسی اورعسکری قیادت قابل ستائش ہے، پاسنگ آوٹ پریڈ میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے، پاکستان ملٹری اکیڈمی میں باصلاحیت لوگ نوجوانوں کی بہترین تربیت کررہے ہیں، پاکستان آرمی زندہ باد،پاکستان پائندہ باد۔ قبل ازیں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پی ایم اے لانگ کورس اور ٹیکنیکل گریجوایٹ کورس کی پروقار پاسنگ آئو ٹ پریڈ منعقد ہوئی ۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 153 ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 38 ویں ٹیکنیکل گریجوایٹ کورس کی پاسنگ آٹ تقریب کے مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے چاق و چوبند دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا۔پاسنگ آئو ٹ پریڈ کے دوران بارش شروع ہو گئی جس کے باوجود کیڈٹس نے پریڈ جاری رکھی اور مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو سلامی پیش کی۔تقریب میں 72ویں انٹگریٹڈ کورس،15ویں مجاہد کورس اور27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی تکمیل ہوئی اور کیڈٹس نے پاس آئوٹ کیا۔پاس آئوٹ ہونے والے 30 کیڈٹس دوست ممالک سے تعلق رکھتے ہیں
سری لنکن لیڈی کیڈٹ نائنی اورملنی بھی کیڈٹس میں شامل ہیں، عراق، فلسطین، قطر، مالدیپ، مالی اور نیپال کے کیڈٹس بھی پاس آٹ ہونے والوں میں شامل ہیں۔ایئرچیف مارشل نے حیدر کمپنی کو پرچم عطا کیا اور حیدر کمپنی کو قائداعظم بینر سے بھی نوازا گیا۔کیڈٹ بلال نسیم کواعزازی شمشیر سے نوازاگیا، سینئر انڈرآفیسر بلال نسیم کواعزازی شمشیر دی گئی، سینئر انڈرآفیسر بٹالین محمد سعد موسی کوصدارتی طلائی تمغہ عطا کیا گیا، کیڈٹ مسعود الرحمان کوچیف آف آرمی سٹاف مارکس مین ایوارڈ سے نوازاگیا۔کیڈٹ حیدربن عابد کو چیف آف آرمی اسٹاف کین سے نوازاگیا جبکہ نیپال سے تعلق رکھنے والے سینئرانڈرآفیسر کو چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈمیڈل سے نوازا، سارجنٹ پیر محمد عبداللہ شاہ کو چیف آف آرمی اسٹاف کین سے نوازاگیا۔تقریب کے اختتام پر کیڈٹس نے مادرِ وطن سے وفا داری کا حلف اٹھایا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی