i پاکستان

پاکستان میں سونے کی آن لائن خرید و فروخت کیلئے پہلی باضابطہ کمپنی قائم ہوگئیتازترین

January 29, 2024

ملک میں سونے کی آن لائن خرید و فروخت کے لیے پہلی باضابطہ کمپنی قائم ہوگئی۔ سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج کمپنی کی جانب سے میسرز زکریا گولڈ کموڈٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کو ملک میں سونے کی آن لائن اور فزیکل خرید و فروخت کیلئے لائسنس جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد یہ کمپنی پاکستان میں سونے کی آن لائن اور فزیکل خرید و فروخت کا کام شروع کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے، ملک کی اس پہلی آن لائن گولڈ ٹریڈنگ کمپنی کے قیام سے مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی کا خاتمہ ہوگا۔ اس حوالے سے کمپنی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایس ای سی پی اور پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج کی اجازت سے ملک کی اس پہلی آن لائن گولڈ ٹریڈنگ کے کمپنی کے قیام کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی او ر بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں سونے کے یومیہ نرخ بھی اسی کمپنی کی جانب سے جاری کیے جائیں گے جبکہ سونے کے نرخوں کے اجرا کیلئے کمپنی کے دفتر کے باہر بڑی اسکرین بھی نصب کی گئی ہے، اس کمپنی کا باقاعدہ افتتاح منگل 30جنوری کو متحدہ عرب امارات کے معروف کاروباری گروپ بوعبداللہ گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین ڈاکٹر بوعبداللہ کریں گے جبکہ تقریب میں ایف بی آر اور کسٹم کے اعلی افسران اور ایف پی سی سی آئی کے عہدے داروں سمیت کاروباری شخصیات بھی شریک ہوں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی