i پاکستان

پاکستان مشرق وسطی میں قیامِ امن کیلئے ہمیشہ سفارت کاری اور مکالمے کو ترجیح دیتا رہا ہے،شہباز شریفتازترین

June 24, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطی میں قیامِ امن کے لیے ہمیشہ سفارت کاری اور مکالمے کو ترجیح دیتا رہا ہے اور موجودہ کشیدہ حالات میں بھی یہی موقف اپنائے گا۔وزیر اعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف سے قطر اور سعودی عرب کے سفیروں نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں مشرق وسطی کی تازہ صورتحال اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسی الخاطر نے وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں گزشتہ روز مشرق وسطی میں پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں بات چیت کی گئی۔وزیراعظم نے امیر قطر اور قطری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم قطری بہن بھائیوں اور پورے خطے کی سلامتی اور تحفظ کے لیے دعا گو ہیں۔اس موقع پر شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان مشرق وسطی میں قیامِ امن کے لیے ہمیشہ سفارت کاری اور مکالمے کو ترجیح دیتا رہا ہے اور موجودہ کشیدہ حالات میں بھی یہی موقف اپنائے گا۔ دریں اثناسعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں مشرق وسطی کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات اور دعائوں کا اظہار کیا اور سعودی عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ مل کر بات چیت اور سفارتی ذرائع کے ذریعے خطے میں قیام امن کے لیے کام کرتا رہے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی