i پاکستان

پاکستان نے لاکھوں افغان بھائیوں کی میزبانی کی ، ہمدردی، سخاوت اور مہمان نوازی کی اقدار کو برقرار رکھا ہے،امیدہے واپس جانے والے افغان خیرسگالی کیلئے پل کا کام کریں گے،وزیر اعظم شہبازشریفتازترین

June 20, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے لاکھوں افغان بھائیوں کی میزبانی کی ہے،پاکستان نے ہمدردی، سخاوت اور مہمان نوازی کی اقدار کو برقرار رکھا ہے،امیدہے واپس جانے والے افغان خیرسگالی کیلئے پل کا کام کریں گے۔پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا آئیے ہم انسانیت، ہمدردی اور تعاون کی بنیادی اقدار کے فروغ کاعہدکریں،انہوں نے کہا کہ عالمی تنازعات کو اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج بین الاقوامی قوانین کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے روکنا اور حل کرنا چاہیے۔پاکستان نے قلیل بین الاقوامی حمایت کے باوجود افغانستان میں عدم استحکام کے مختلف مراحل کے دوران تنازعات سے بچنے کیلئے لاکھوں افغان بھائیوں کی میزبانی کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ اس سال پناہ گزینوں کا عالمی دن دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے چیلنجز کے پس منظر میں منایا جا رہا ہے جو لاکھوں افراد کو جبری بے گھر ہونے پر مجبور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جبری طور پر بے گھر ہونے اور پناہ گزینوں کے حالات کا بنیادی محرک ہونے کے ناطے عالمی تنازعات کو اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج بین الاقوامی قوانین کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے روکنا اور حل کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف پرامن ذرائع اور بنیادی وجوہات کو حل کرنے سے ہی ہم پناہ گزینوں کی طویل پناہ گزینی کے رجحان کو تبدیل کرنے کی امید کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں سے زائد عرصے سے پاکستان نے قلیل بین الاقوامی حمایت کے باوجود افغانستان میں عدم استحکام کے مختلف مراحل کے دوران تنازعات سے بچنے کیلئے پاکستان میں آئے افغان بھائیوں کی میزبانی کی ہے، اپنے گھر اور دل کھول کر پاکستانی عوام نے اپنے افغان بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ مثالی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تعلیمی نظام، صحت کی دیکھ بھال اور دیگر سماجی شعبوں تک افغان شہریوں کو رسائی دی جو افغانستان کی آنے والی نسلوں کو اپنے ملک کے امن اور ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے بااختیار بنانے کے ہمارے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن میں متعدد چیلنجز کے باوجود پناہ گزینوں اور زبردستی بے گھر ہونے والے افراد کو امداد اور تحفظ فراہم کرنے میں انسانی ہمدردی کے کارکنوں، انسانی ہمدردی کی تنظیموں اور خاص طور پر یو این ایچ سی آرکی کوششوں کو بھی سراہتا ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی