سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکہ ، ایران مستقل جنگ بندی کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے مستقل امن کی توقعات کا اظہار کیا ہے ۔چاروں وزرائے خارجہ کا انطالیہ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جس کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے مستقل خاتمے کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ایک اہم چار فریقی اجلاس میں شرکت کی، ملاقات میں ان کے ہمراہ پاکستان کے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، ترکیہ کے ہاکان فیدان اور مصر کے بدر عبدالعاطی شریک تھے۔ جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چاروں وزرائے خارجہ نے خطے کی مجموعی صورتحال پر غور کیا، اجلاس میں امریکہ اور ایران کے درمیان مستقل جنگ بندی کیلئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کا خیر مقدم کیا گیا، ان کوششوں کا مقصد خطے میں جاری تنا ئو کو کم کرنا ہے تاکہ دنیا کو جنگ کے سنگین سکیورٹی اور معاشی نتائج سے بچایا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی