i پاکستان

پاکستانی شہر ی سعودی عرب میں ویزے کی شرائط کی پابندی، مقررہ مدت سے زائد قیام اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے سے گریزتازترین

August 17, 2026

پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے سعودی عرب آنیوالے پاکستانی عمرہ زائرین اور ورکرز کو اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے سعودی قوانین کی سختی سے پابندی کرنے، بھیک مانگنے سمیت کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے گریز اور اپنے قیام کے دوران ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔سفارت خانے نے اپنے سرکاری ایکس اکائو نٹ پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی شہریوں کو سعودی عرب میں قیام کے دوران ویزے کی شرائط کی پابندی، مقررہ مدت سے زائد قیام سے گریز اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہونے کی ہدایت کی ہے۔ویڈیو میں گرفتاری، تفتیش، حراست اور ملک بدری کے مناظر کے ذریعے سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے ممکنہ نتائج سے آگاہ کیا گیا ہے۔سفارت خانے کے پیغام میں خاص طور پر بھیک مانگنے سے گریز کرنے پر زور دیا گیا ہے، پیغام کے مطابق سعودی عرب آنے والے پاکستانی زائرین اور ورکرز اپنے طرزِ عمل کا خیال رکھیں اور ایسے کسی اقدام سے گریز کریں جو سعودی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہو۔پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری ویڈیو میں عمرہ زائرین کو مقدس مقامات کے احترام، سعودی قوانین کی پاسداری اور اپنے قیام کے دوران ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی