پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائنز کو دئیے گئے سلاٹس کو واپس مل گئے۔سلاٹس کی واپسی سے پی آئی اے پاکستان سے لندن کیلئے مزید پروازیں آپریٹ کر سکے گی۔ رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی برطانوی پروازوں پر پابندی کے تناظر میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر 14 سلاٹس غیر ملکی ایئرلائنز کو دئیے گئے تھے، جو اب پی آئی اے کو واپس مل گئے ہیں۔اکتوبر سے شروع ہونے والے موسم سرما کے شیڈول میں اسلام آباد اور لاہور سے لندن کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔پی آئی اے کی اسلام آباد سے لندن کے لئے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد ممکنہ طور پر 3 سے بڑھ کر 5 ہو جائے گی، جب کہ لاہور سے لندن کی ہفتہ وار پروازیں ایک سے بڑھ کر 2 ہونے کا امکان ہے۔سلاٹس کی واپسی سے کراچی اور سیالکوٹ سے لندن کیلئے رابطہ پروازوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی