پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نیمیڈیکل ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) میں امیدواروں کی مسلسل کمی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے )کے اعلامیے کے مطابق 2022 میں ایم ڈی کیٹ امیدواروں کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 253 تھی جو 2026 میں کم کر 1 لاکھ 38 ہزار رہ گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2025 میں 1 لاکھ 40 ہزار 71 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ کے لئے رجسٹریشن کرائی تھی جبکہ ایم ڈی کیٹ کے رجسٹریشن پورٹل کے دوبارہ کھولنے کے باوجود صرف 2 ہزار 63 امیدوار رجسٹر ہوئے۔پی ایم اے کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امیدواروں کی کمی محض رجسٹریشن کی آخری تاریخ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ نوجوانوں میں طبی شعبے سے مایوسی اور بد دلی بڑھ رہی ہے
نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی بھاری فیسیں طلبہ کیلئے ناقابلِ برداشت ہو چکی ہیں، ساتھ ہی پوسٹ گریجویٹ میڈیکل تربیتی نشستوں کی شدید کمی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نوجوان ڈاکٹروں کو کم ابتدائی تنخواہوں اور وظائف میں تاخیر کا سامنا ہے، ہائو س آفیسرز اور پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنٹس کو وظائف کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی جائے۔پی ایم اے کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طبی عملے پر تشدد کے واقعات سے اسپتالوں میں غیر محفوظ ماحول پیدا ہو رہا ہے، ان کے تحفظ کیلئے وفاقی ہیلتھ کیئر پروفیشنلز پروٹیکشن ایکٹ منظور کیا جائے۔پاکستان میڈیکل ایسو سی ایشن کے اعلامیے میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ سرکاری طبی مراکز میں باقاعدہ میڈیکل افسران کی اسامیاں پیدا کی جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی