پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ 8فروری کے حوالے سے تمام جماعتوں کو تشویش ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کا دھاندلی زدہ الیکشن ہے، افسوس اس بات پر ہے کہ پنجاب میں مینڈیٹ کو چوری کر کے مریم نواز وزیر اعلی بنیں، ان کی کابینہ بھی جعلی ہو گی، مریم نواز نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے، اس مینڈیٹ کو اور وزیر اعلی کو کوئی تسلیم کرنے کو تیار نہیں،سابق سپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)مینگل کے سربراہ اختر مینگل کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فارم 45کے مطابق ہماری سیٹیں ہمیں نہیں دی جا رہیں، ہم اپنے حق کیلئے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان میں شفاف الیکشن اور آئین کی سربلندی کیلئے اکھٹے ہوں گے، جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور مینگل صاحب سے بھی ہماری بات چیت ہوئی ہے،تمام لوگ ہمارا ساتھ دینے کو تیار ہیں، ملک میں آئین کی بالادستی ہو گی توآگے جائے گا،بلوچستان نیشنل پارٹی (پی این پی)مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کئی الیکشن گزرے ہیں جو متنازع ہوئے یہ انتخابات منفرد ہیں جس کے نتائج اب بھی آ رہے ہیں، ملک ایسے نہیں چل سکتا، بلوچستان میں دھاندلی کیخلاف چار جماعتوں کا اتحاد ہے۔اختر مینگل نے کہا کہ دھاندلی جیسے مسئلے کا مستقل حل ہونا چاہیے، اگر تمام جماعتیں سمجھتی ہیں کہ یہ الیکشن درست نہیں تو اس کا کوئی حل نکالیں گے، میری کوشش ہے کہ تمام جماعتیں ملکر اس مسئلے کا حل نکالیں، پین ریلیف یا پین کلر کی بجائے جنرل سرجری سے اس مرض کا خاتمہ ہو گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی