حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی الیکشن 2025 میں مسلم لیگ ن کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے میدان مار لیا، ریٹرننگ افسر نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم لیگ ن کی امیدوارحنا ارشد وڑائچ نے 78 ہزار 702 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط گھمن 39 ہزار 18 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ نے 6 ہزار 832 ووٹ حاصل کر سکے۔اس کے علاوہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے امیدوار محمد شفاقت نے 4 ہزار 851 ووٹ حاصل کئے۔واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔لیگی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے اپنی جیت کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے مرحوم والد کے نام کر دیا، جیت پر حنا ارشد وڑائچ کے گھر پر جشن کا سماں رہا، کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور آتش بازی کی گئی ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا کہ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی حق دار ہے۔
خواجہ آصف نے حنا ارشد وڑائچ کی رہائش گاہ پر لیگی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسی طرح الیکشن لڑتے رہے تو کوئی طاقت ہمیں ہرا نہیں سکتی، اپوزیشن نے اپنی شکست تسلیم کی ہے اس کی وجہ ہماری بھاری اکثریت سے جیت ہے۔خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ عوامی خدمت اور بھارت سے فتح کا ہماری جیت میں بڑا ہاتھ ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے امیدوار نے پی پی 52 ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔رہنما پی ٹی آئی فاخر نشاط نے کہا ہے کہ پولنگ مکمل ہونے سے پہلے ہی فارم 45 بنا لئے گئے، اس بار طریقہ واردات بدل دیا گیا اور فارم 45 اپنی مرضی کے بنائے گئے، دھاندلی کے یہ نتائج ہم تسلیم نہیں کریں گے، ہم قیادت کے ساتھ بیٹھ کر اگلا لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔دریں اثنا الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور یقین دہانی کرائی ہے کہ شواہد لانے پر صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف پولنگ سٹیشنز کو بند کرنے کی خبر کو سراسر جھوٹ قرار دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی