پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت میں شمولیت سے متعلق جاری خبروں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے انہیں محض قیاس آرائیاں قرار دیا ہے۔ پارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ عطا مری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نہ ہمیں کوئی پیشکش کی گئی ہے اور نہ ہی پارٹی قیادت حکومت میں شمولیت پر غور کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں چلنے والی خبریں بے بنیاد اور قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ پیپلزپارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اس سے قبل بھی وفاقی حکومت میں شمولیت کیلئے متعدد بار آفرز کی جاچکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سی ای سی نے وفاقی حکومت میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کر رکھا ہے، پیپلز پارٹی وفاقی حکومت میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ترجمان نے کہا کہ پی پی حکومت میں شمولیت کی آفرز پرسنجیدگی سے غورنہیں کر رہی اور نہ ہی شمولیت کا کوئی ارادہ ہے۔پی پی قیادت بھی سی ای سی کی اجازت کے بغیر حکومت میں شمولیت سے متعلق فیصلہ نہیں کرسکتی،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چند روز قبل واضح کرچکے ہیں کہ پیپلزپارٹی کا وفاقی حکومت میں وزارتیں لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی