ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈ ی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر 30 جون کو ختم ہونے والے اگلے پندرہ روز کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب تقریبا ایک روپے اور 5 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے ۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ ٹیکس کی شرحوں کی بنیاد پر 15 جون کو حتمی حساب سے پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریبا ایک روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) میں 5 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔اس وقت ایکس ڈپو پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 252.63 روپے ہے۔ پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں، رکشوں اور دو پہیوں والی سواری میں استعمال ہوتا ہے اور اس کا براہ راست اثر متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے بجٹ پر پڑتا ہے۔ڈیزل کی اس وقت ایکس ڈپو قیمت 254.64 روپے فی لیٹر ہے۔ ٹرانسپورٹ کا زیادہ تر شعبہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر چلتا ہے ۔ذرائع کے مطابق حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریبا 94 روپے فی لیٹر چارج کر رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی