i پاکستان

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے، حکومت شاہ خرچیوں کی سزا عوام کو دینا بند کرے، لیاقت بلوچتازترین

February 01, 2024

نائب امیر جماعتِ اسلامی، این اے 123اور 128سے امیدوار لیاقت بلوچ نے پٹرول، بجلی، ایل پی جی مہنگی کرنے کے عوام دشمن فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور یہ فیصلہ واپس لیا جائے اور مہنگائی کی دلدل میں دھنسی ہوئی غریب عوام کو مزید زندہ درگور نہ کیا جائے،انہوں نے کہا کہ لوگ پہلے ہی ناقابل برداشت مہنگائی، بے روزگاری کے باعث دو وقت کی روٹی کو ترس کر رہ گئے ہیں ایسے میں ہر 15دن بعد بھوک پیاس سے نڈھال عوام پر ایک نیا مہنگائی بم گرانا ظلم در ظلم ہے جو کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جاسکتا،حکومت اپنی شاہ خرچیوں کی سزا عوام کو دینا بند کرے،عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر آئی ایم ایف سے سود پر لیے گئے قرضوں کی ادائیگی کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے،حکومت عوام کے گلے پر چھری چلانے کے بجائے اپنے غیر ضروری اخراجات اور تعیشات پر کٹ لگائے، زراعت، صنعت، تجارت، روزگار کو ترقی دینے سے ہی معیشت مضبوط، عوام خوشحال اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا،قرض در قرض کی پالیسی اور حکمرانوں کی عیاشیوں نے ملک کو دیوالیہ کردیا ہے،ترقی و خوشحالی کی منزل خودانحصاری کے راستے پر چلنے سے حاصل ہوگی، کشکول پھیلانے سے نہیں،پالیسیوں کی اصلاح اور تبدیلی کے لیے چین اور روس جیسے دوست ممالک کے ماڈلز اپنانے کی ضرورت ہے.لیاقت بلوچ نے انتخابی مہم میں جلسوں اور عوامی کارنر میٹنگز، خواتین کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پاکستان کی سیاست کا دِل اور پنجاب قومی سیاست کا چہرہ ہے۔ اسٹیبلشمنٹ، پی پی پی اور مسلم لیگ نے اپنے فسادات اور غیرجمہوری اسلوبِ حکمرانی سے سیاسی کلچر تباہ کردیا مفاد پرستوں، رنگ بازوں، چکربازوں اور مافیاز کا تسلط قائم کردیا۔ پورے ملک میں پنجاب کی سیاست کو مشکوک اور داغدار کرنے والوں سے جماعتِ اسلامی عوام کو نجات دلائے گی۔

جماعتِ اسلامی نے ہمیشہ قومی سلامتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، پاکستان کے اسلامی نظریاتی کردار کی حفاظت، اشتراکیت اور مغربی سرمایہ دارانہ تہذیب کے خلاف مزاحمی جدوجہد کی ہے۔ جماعتِ اسلامی کی سیاست ملک و مِلت کو بحرانوں سے نکالنے کی جدوجہد ہے۔ ہماری انتخابی مہم مال و دولت، تعصبات اور نفرتوں کی بنیاد پر نہیں اخلاص، محنت کی بنیاد پر وسیع پیمانے پر عوام سے رابطہ کیا جارہا ہے۔ ووٹرز کے پاس انتخابات 08 فروری 2024 کے لیے ترازو نشان بہترین آپشن ہے۔ لیاقت بلوچ نے میڈیا انٹرویو اور خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی سِول-ملٹری ریلیشن شپ کا استحکام اہلیت، کارکردگی، گورننس اور کرپشن سے پاک، آئین کی پابند طرزِ حکمرانی کے ذریعے سے لائیں گے۔ انتظامی اخراجات اور پیداواری لاگت میں 25فیصد کمی لائیں گے اور مہنگے پاور جنریشن پراجیکٹس، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی اور آئی ایم ایف کی بدترین شرائط کے ریویو کے لیے قومی وژن سے اقدام کریں گے۔ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ پر عملدرآمد اور 5سال میں قرضوں کی ادائیگی کا نظام بنائیں گے۔ ہر دبا ئوسے آزاد ہوکر پاک-چین اقتصادی راہداری معاہدہ اور ایران سے تیل/گیس پائپ لائن معاہدوں پر عملدرآمد ہوگا۔ قومی معیشت کو خودانحصاری، کرپشن فری گورننس اور ملک بھر کی چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مشاورت اور اعتماد کیساتھ بحرانوں سے نکالیں گے۔ برآمدات بڑھائیں گے، کاٹیج انڈسٹری کی مضبوط سرپرستی اور درآمدات کو کم سے کم سطح پر لایا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے پنشنرز اور سینئر سٹیزنز کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی بزرگوں، پنشنرز کی خوشحالی اور باعزت زندگی کو یقینی بنائے گی۔ سینئر سٹیزنز کو ہوائی سفر، ریلوے، ٹرانسپورٹ کرایوں میں رعایت اور علاج معالجہ کے لیے سہولیات کا ترجیحی انتظام کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی