صوبہ پنجاب میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ۔ تفصیل کے مطباق پنڈی بھٹیاں میں 2 ڈمپروں کے درمیان خوفناک تصادم سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔حادثہ گائو ں پیلو کے نزدیک حافظ اباد روڈ پر ہوا، حادثے کی اطلاع پر ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو امدادی ٹیموں نے ضروری کارروائی کے لئے ڈی ایچ کیو حافظ آباد ہسپتال منتقل کر دیا۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت محمد اکرم خوشاب اور فلک ناز کے پی کے سے ہوئی ہے، حادثے کے باعث ٹریفک بند ہوگئی جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک بحال کرا دی، پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے، لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے سپرد کر دی گئیں۔
دوسری جانب کبیروالا کے علاقے بارہ میل کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد قریبی رشتہ دار تھے اور شادی کے کارڈ تقسیم کرنے جا رہے تھے۔حکام نے بتایا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت محمد ارشد، اسماعیل اور محمد اشرف کے ناموں سے ہوئی ہے۔علاوہ ازیں، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹرک کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جبکہ لاشوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی