پنجاب میں 25 جون سے 29 جون تک بارشوں کے دوران 21 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوئے۔طوفانی بارش سے لیسکو کے 220 کے وی کے 2 گرڈ اسٹیشن بند ہوگئے جس سے لاہور کے متعدد علاقوں کی بجلی معطل ہو گئی۔70 کلو میر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں کے طوفان نے لاہور سمیت دیگر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے کئی مقامات پر درخت اور دیوار یں گرگئیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازکی ہدایات پر پی ڈی ایم اے نے مون سون الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کردی۔فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کے اعداد وشمارجاری کئی گئے،پنجاب کے دریائوں،بیراجزاورڈیمزمیں پانی کی سطح سے متعلق اعداد و شمارشامل ہیں،مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات بارے اعداد وشمار بھی فیکٹ شیٹ میں شامل ہیں۔گزشتہ24 گھنٹوں میں مری، لاہور، شیخوپورہ، اٹک،گوجرانوالہ میں بارش کاریکارڈ جاری کیاگیا،گجرات، سیالکوٹ،حافظ آباد، چکوال اورڈیرہ غازی خان میں بارش ریکارڈ کی گئی ۔رپورٹ کے مطابق بارشوں سے27 گھرمتاثراور57 شہری زخمی ہوئے،جاں بحق افراد میں11بچے3خواتین اور7 مرد شامل ہیں،زیادہ اموات کچے مکانات،خستہ عمارتوں و چھتیں گرنے کے باعث ہوئیں،خانیوال اوراوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے2 شہری جاں بحق ہوئے،منڈی بہاوالدین میں 2 بچے بجلی کاکرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہوئے۔لاہور میں بند روڈ پر بل بورڈ موٹر سائیکل سوار خاندان پر گرنے سے شوہر جاں بحق جب کہ بیوی اور بیٹا زخمی ہو گئے
داروغے والا میں گھر کی چھت گرنے سے 2افرادجاں بحق جب کہ کٹار بند روڈ پر دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ادھر شیخوپورہ کے گائوں خان پور میں گھر کی دیوار گر نے سے 10 سالہ بچہ جب کہ کوٹ عبد المالک میں دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، نوشہرہ ورکاں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ گوجرانوالہ کے گائوں نندی پور میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔فیروزوالا ، قصور، گوجرانوالہ، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ میں بارش اور طوفان کے باعث دیواریں اور چھتیں گرنے سمیت دیگر واقعات میں 27 افراد زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حکومتی ہدایات کیمطابق سوگوارخاندانوں کی مالی معاونت کی جائیگی۔ پنجاب کے تمام دریائوں اور بیراجزمیں پانی کا بہا نارمل سطح پر ہے،ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظرپی ڈی ایم اے کے انتظامات مکمل ہیں۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہیکہ لاہور،سیالکوٹ،فیصل آباد اورگوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، بڑے شہروں کی انتظامیہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہے۔دوسری جانب مون سون کی پہلی بارش کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں 13 ہلاکتیں ریکارڈ پر آئی ہیں، جبکہ کم از کم 33 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔کراچی میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے، جن میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے بھی کچھ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔مون سون کی پہلی بارش کے دوران تھرپارکر میں 3، بدین میں 2، حیدرآباد میں 2، عمر کوٹ اور خیر پور میں 1 ،1 شخص جان سے گیا۔بارش کے دوران مختلف حادثات میں 54 مویشی بھی جان سے گئے، تھرپارکر میں 44 اور میرپور خاص میں 10 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی