i پاکستان

پنجاب اور سندھ میں 24 گھنٹوں میں قتل کی کئی لرزہ خیز وارداتیں، خواتین سمیت 8افرادکا قتلتازترین

April 28, 2026

پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں قتل کی مختلف وارداتوں میںماں بیٹی سمیت 8افراد کو قتل کردیا گیا۔تفصیل کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقے میلوال میں رشتے کے تنازع نے تین زندگیوں کے چراغ گل کر دئیے گئے جہاں ایک ملزم نے فائرنگ کر کے اپنی چچی، کزن اور گھر کی ملازمہ کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف نے اس لرزہ خیز واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے اور مفرور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ادھر گوجرانوالہ کے علاقے رحمت پورہ میں ایک گھر سے ماں اور بیٹی کی لاشیں ملنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ہے جبکہ مقتولہ کی ایک بیٹی اس حملے میں خوش قسمتی سے محفوظ رہی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک قتل کی اصل وجوہات سامنے نہیں آ سکیں تاہم تحقیقات جاری ہیں۔لودھراں میں بھی ایک سنگین واقعہ پیش آیا جہاں عثمان نامی شخص نے اپنی بیوی مریم کا تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزم نے ایک ماہ قبل ہی چار بچوں کی ماں مریم سے پسند کی شادی کی تھی لیکن گھریلو جھگڑے نے اس خونی انجام کی شکل اختیار کر لی۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔عارف والا میں ایک گھر داماد نے اپنی تریسٹھ سالہ ساس بشری بی بی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ نے حال ہی میں بھینس فروخت کی تھی جس پر ملزم نے ان سے چھ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور انکار پر چاقو کے وار کر کے انہیں قتل کر دیا۔ملزم نے جرم چھپانے کے لیے پہلے لاش گھر میں رکھی اور پھر اس کے ٹکڑے کر کے کھیتوں میں دبا دئیے۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر جب ملزم سے پوچھ گچھ کی تو اس نے اعترافِ جرم کر لیا۔دوسری جانب سندھ میں ضلع بدین کے علاقے وھنائی کے قریب پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں آئس کے نشے کے عادی ایک ناخلف بیٹے نے مبینہ طور پر پیسوں کے تنازعے پر اپنی سگی ماں کو قتل کر دیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملزم وسیم ملاح نے کلہاڑی کے وار کرکے اپنی والدہ اللہ بچائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔واقعے کے بعد ایس ایس پی قمر رضا جسکانی کے احکامات پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق دورانِ گرفتاری آلہ قتل(کلہاڑی) برآمد کرنے کی کوشش کی گئی تو ملزم نے مزاحمت کی جس پر پولیس فائرنگ کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی