i پاکستان

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی گجرات میں کارروائی، 2400 کلو مردہ مرغیاں تلف، سپلائر کیخلاف مقدمہ درجتازترین

March 12, 2026

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گجرات میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو مردہ مرغیوں کا گوشت فروخت ہونے سے بچا لیا۔کارروائی کے دوران 2 ہزار 400 کلو مردہ مرغیاں برآمد کرکے موقع پر تلف کر دی گئیں جبکہ سپلائر کیخلاف مقدمہ درج کرکے گاڑی ضبط کرلی گئی۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گلیاں والا چوک میں کارروائی کی جہاں سپلائر کی مزدا گاڑی نمبر LWN-2132 کی چیکنگ کے دوران بوریوں میں چھپائی گئی بڑی مقدار میں مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں۔ویٹرنری افسر نے مردہ مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں انسانی استعمال کے لیے مضر صحت قرار دیا

مرغیوں کے گوشت کی رنگت نیلی پائی گئی جو اس کے ناقص اور غیر معیاری ہونے کی واضح علامت ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ سپلائر کے پاس ضروری ریکارڈ اور دستاویزات بھی موجود نہیں تھے، مردہ اور بیمار مرغیوں کا گوشت انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے اور اس کے استعمال سے مختلف موذی امراض لاحق ہوسکتے ہیں۔فوڈ اتھارٹی کے مطابق جعل ساز مافیا زیادہ منافع کے لالچ میں خوراک کے بجائے بیماری فروخت کرتا ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گوشت سمیت بنیادی اشیائے خورونوش خریدتے وقت مکمل جانچ پڑتال ضرور کریں

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی