i پاکستان

پنجاب حکومت نے ملازمتوں میں خصوصی افراد کا کوٹہ 3فیصد کر دیا‘ انڈسٹری بھی ان کو ملازمتیں دینے کو تیار ہے‘ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمیتازترین

July 01, 2026

پنجاب حکومت نے ملازمتوں میں خصوصی افراد کا کوٹہ 3فیصد کر دیا ہے جبکہ انڈسٹری بھی ان کو ملازمتیں دینے کو تیار ہے تاہم وہ چاہتے ہیں کہ یہ افراد کم از کم 50فیصد ہی فرائض کی انجام دہی کر سکیں۔ یہ بات پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ فار ڈس ایبلڈ کے ڈائریکٹر پروگرام اینڈ آپریشنز ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا پیداواری حصہ نہ بنانے سے جی ڈی پی کو 4فیصد سے بھی زائد کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِن افراد کو کوئی قرض نہیں دیتا تھا مگر حکومت پنجاب نے 1.3ارب کے 50ہزار قرضے دیے جن کی وصولی کی شرح بھی سو فیصد رہی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد صنعتی شہر ہے یہاں کے لوگوں کو معذور افراد سے متعلقہ ٹیکنالوجی کے فروغ پر کام کرنا ہوگا تاکہ ضرورتمندوں کو کم قیمت پر ویل چیئر ز اور دیگر آلات مہیا کئے جا سکیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال ذوالنورین کے ساتھ مل کر گھر ٹیوٹر پروگرام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بستر پر پڑے 2,000بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ٹیوٹر ہر ہفتہ اُن کا دورہ کرے گی اور اس سکیم کے تحت اب تک دس ہزار بچے Enrollہو چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آٹزم کے نام پر لوگوں کو لوٹا جا رہا ہے جبکہ پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ اس موضوع پر سیمینار منعقد کرا سکتا ہے۔ انہوں نے خدمت خلق کے حوالے سے فیصل آباد کی خدمات کو سراہا ور کہا کہ اخوت اور فاؤنٹین ہاؤ س جیسے رفاعی اداروں کی ابتدا کرنے والوں میں فیصل آباد کے لوگ شامل ہیں۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے اظہار الحق ہاشمی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ حکومت جو ترقیاتی کام کر رہی ہے وہ دراصل 25کروڑ عوام کی فلاح کیلئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کیلئے بہت سے ادارے چلا رہی ہے جو بہترین کام کر رہے ہیں تاہم ان میں مزید بہتری کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر نے ہمیشہ فلاح و بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کے حصہ لیا ہے اور وہ پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ سے بھی مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ آخر میں سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر فاروق یوسف شیخ نے اظہار الحق ہاشمی کو چیمبر کی 50سالہ سالگرہ کے حوالے سے خصوصی کالر پن لگائی اور چیمبر کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر نائب صدر انجینئر عاصم منیر بھی موجود تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی