پنجاب میں وزرا کی تنخواہ میں اضافے کے بعد لیو الائونس بھی بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے منسٹرز، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا لیو الائونس تنخواہ کے برابر کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ اس سلسلے میں پنجاب عوامی نمائندوں کے قوانین(ترمیمی) بل 2025 پنجاب اسمبلی سے منظور کر لیا گیا۔بل حالیہ اجلاس میں منظور کیا گیا، ترمیمی بل کے تحت پنجاب منسٹر (سیلری، الائونس، پرولیجز) ایکٹ 1975 میں ترامیم کی جائیں گی، بعد از ترامیم چھٹی پر تنخواہ کی کٹوتی نہیں ہوگی، صوبائی وزرا کی 1 لاکھ تنخواہ کے وقت 1 ماہ کی چھٹی پر 74 ہزار تنخواہ ملتی تھی۔متن کے مطابق بعد از ترامیم پنجاب کے وزرا کو 1 ماہ چھٹی پر ماہانہ 74 ہزار کے بجائے پوری تنخواہ 9 لاکھ 60 ہزار ملے گی، سپیکر پنجاب اسمبلی کو 1 لاکھ 25 ہزار تنخواہ کے وقت 1 ماہ چھٹی پر 37 ہزار تنخواہ ملتی تھی۔بعد از ترامیم سپیکر پنجاب اسمبلی کو 1 ماہ کی چھٹی پر 37 ہزار کے بجائے پوری تنخواہ 9 لاکھ 50 ہزار ملے گی، ڈپٹی سپیکر کو 1 لاکھ 20 ہزار تنخواہ کے وقت ایک ماہ چھٹی پر 37 ہزار تنخواہ ملتی تھی۔متن کے مطابق بعد از ترامیم ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کو چھٹی پر ماہانہ 37 ہزار کے بجائے پوری تنخواہ 7 لاکھ 75 ہزار ملے گی، یہ ترامیم وزرا کی تنخواہوں میں اضافے کے بعد ضروری ہیں، موجودہ لیو الانس پچھلی تنخواہوں کے برابر ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی