دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) پنجاب نے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 13 دہشت گردگرفتار کرلیے ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائیاں لاہور، اٹک، بہاولنگر، جہلم، بہاولپور، شیخوپورہ اور راولپنڈی میں کی گئیں ، اٹک سے 5 اور لاہور سے 3 دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں ۔ ترجمان کاکہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، 29ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ، موبائل فون، اسلحہ ، گولیاں اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے ۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت خورشید، رشید، عرفان، لقمان ، وحید، رضوان، عامر اور واجد وغیرہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سرکاری دفاتر اور اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ، دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق رواں ہفتے625 کومبنگ آپریشنز کے دوران 105 مشتبہ افراد گرفتار کیے ، کومبنگ آپریشنز میں 27229افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ ترجمان کاکہنا ہے کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی