بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجگور کے علاقوں اپھان کوہ اور پروم میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر آپریشن کیا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کا علاقے میں موجود دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بڑی مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جو آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔دریں اثنا بلوچستان حکومت کے معاون خصوصی برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ پنجگور میں آپریشن ردالفتنہ کے تحت سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں، جس میں 4 دہشتگرد ہلاک کیے گئے، امن و استحکام کے قیام کیلئے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی