i پاکستان

پرویز الٰہی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائرتازترین

September 18, 2023

سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی گئی۔ چودھری پرویز الہی کی جانب سے درخواست وکیل طاہر نصراللہ وڑائچ کی وساطت سے دائر کی گئی، درخواست میں ڈی جی اینٹی کرپشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الہی کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے گزشتہ روز رہا کرنے کا حکم دیا، عدالتی حکم کے باوجود سابق وزیراعلی کو رہا نہیں کیا گیا، صدر پی ٹی آئی اس وقت بھی اینٹی کرپشن کی تحویل میں ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پرویز الہی کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے، عدالت سابق وزیراعلی کو بازیابی کے بعد رہا کرنے کا حکم دے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل محکمہ اینٹی کرپشن نے پرویز الہی کو راولپنڈی سے گرفتار کیا تھا، گزشتہ روز لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے ماسٹر پلان میں بے ضابطگیوں کے مقدمے میں سابق وزیرِ اعلی پنجاب کو ڈسچارج کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی