سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست چیف جسٹس کو ارسال کر دی گئی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص رف نے پرویز الہی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت پرویز الہی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے، جب تک مقدمات کی تفصیل فراہم نہیں کی جاتی، کسی نئے مقدمے میں گرفتاری سے روکا جائے۔دوران سماعت پرویز الہی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست کو جسٹس امجد رفیق کی عدالت میں مقرر کیا جائے، جسٹس امجد رفیق کی عدالت میں پہلے ہی اس نوعیت کی درخواست زیر سماعت ہے۔بعدازاں عدالت نے پرویز الہی کی درخواست کسی اور بنچ میں لگانے جانے کی استدعا پر فائل جسٹس چیف لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی