پشاور اور بنوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 10 افراد ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیل کے مطابق پشاور میںتھانہ تہکال کی حدود میں واقع سپین جماعت کے قریب نامعلوم افراد نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت وقار، ثمین جان اور حسنین کے ناموں سے ہوئی ہے، جو کہ ریگی کے رہائشی تھے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے فورا بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے خالی گولیاں اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، جنہیں فارنزک تجزیے کے لیے بھیجا جائے گا۔
ادھر ضلع بنوں میں بدآمنی کی فضا برقرار ہے، روزانہ کی بنیاد پر لاشیں گر رہی ہے جبکہ پولیس یکسر ناکام نظر آرہی ہے۔ تھانہ منڈان کی حدود میں بھٹہ خشت مالک سے بھتہ وصولی پر فائرنگ ہوئی جس سے مبینہ بھتہ خور جنکا تعلق لکی مروت سے تھا ہلاک ہوگیا، دوسرا واقعہ علاقہ ڈومیل میں رونما ہوا جس میں عادی جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔غوریوالہ کے علاقے میں کریانے کے دوکان میں نوجوان موجود تھا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا فاطمہ خیل کے علاقے میں بھائی نے فائرنگ کرکے بہن کو قتل کردیا۔بکاخیل کے علاقے میں تلخ کلامی پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ علاقے گل بدین لنڈیڈاک میں مبینہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔ اسی طرح مختلف واقعات میں چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں تمام واقعات کی پولیس نے مقدمات درج کردئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی