صوبائی دارلحکومت پشاور کے نواحی علاقے میرا کچوڑی قبرستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔سی ٹی ڈی کے بیان کے مطابق پشاور کے علاقے میرا کچوڑی قبرستان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جینس بیسڈ کاروائی کی گئی۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے3 کلاشنکوفیں، ایک پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ، 7 میگزین اور کارتوس برآمد کیے گئے۔ ہلاک دہشتگرد سید ولی سے ننگرہار افغانستان کا افغان مہاجر کارڈ بھی برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق سید ولی افغانستان سے پاکستان داخل ہونے والے تین خودکش حملہ آوروں میں سے ایک ہوسکتا ہے۔
کارروائی کے دوران تمام سی ٹی ڈی اہلکار محفوظ رہے۔ سی ٹی ڈی نے فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر پشاور ریجن کے سی ٹی ڈی جوانوں کو شاباش دی ہے۔سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی