راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ٹھنڈی ہواں نے موسم کو مزید دلکش بنا دیا۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور کئی روز سے جاری حبس اور گرمی سے شہریوں کو ریلیف ملا تاہم بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں اور گردونواح میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور گرج چمک کا امکان موجود ہے، جس سے موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں مجموعی طور پر 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش شمس آباد میں 39 ملی میٹر،ایچ 8 میں 32، گوالمنڈی 28 اور کٹاریاں میں 26 ملی میٹر بارش ہوئی۔جڑواں شہروں میں بارش کے پیشِ نظر واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا جبکہ نشیبی علاقوں میں عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی